دبئی، 10فروری (آئی این ایس انڈیا) امریکی فوج کی مرکزی کمان نے منگل کے روز جاری ایک بیان میں سعودی روئل ایئر فورس اور امریکی میرینز کے درمیان مشترکہ تربیتی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ اس تربیت کا مقصد "ڈرون طیاروں" کا انسداد ہے۔
واضح رہے کہ سعودی ایرو اسپیس انجینئرنگ انڈسٹریز اور پرنس سلطان اکیڈمی فار ایوی ایشن سائنسز نے روں سال 19 جنوری کو امریکا میں 'اسپارٹن کالج آف ایروناٹکس اینڈ ٹکنالوجی' کے ساتھ شراکت داری کے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس کا مقصد تربیت کے شعبے میں تجربوں کا تبادلہ اور طیاروں کی دیکھ بھال کے شعبے میں قومی تربیت یافتہ ماہرین تیار کرنا ہے۔
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر ابراہیم العمر کے مطابق یہ سمجھوتا سعودی ایئر لائنز میں تربیتی اہلیت کو مضبوط بنا کر اس کا معیار بلند کرے گا۔ ساتھ متعلقہ شعبوں میں ملکی ماہرین بھی تیار کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادارے اور اس کی کمپنیوں میں تمام یونٹوں اور تربیتی پروگراموں کے شعبوں کو پرنس سلطان اکیڈمی فار ایوی ایشن سائنسز کے ساتھ مربوط کر دیا گیا ہے۔ ہوابازی کے تربیتی پروگراموں کے حوالے سے اکیڈمی اپنے اعلی ترین معیار کے سبب معروف ہے۔
یاد رہے کہ سعودی ایرو اسپیس انجینئرنگ انڈسٹریز مملکت کی قومی فضائی کمپنی سعودی ایئر لائنز کی ایک ذیلی کمپنی ہے۔ اس کا مرکزی دفتر جدہ میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واقع ہے۔